رائے پور،یکم اکتوبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ کاکیر ضلع میں نکسلیوں نے تین قبائلی نوجوانوں کی دھاری دار ہتھیار سے قتل کرکے ان لاشوں کو سڑک پر پھینک دیا۔کاکیر ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم ایل کوٹوانی نے آج ٹیلی فون پر بتایا کہ ضلع کے امابیڑا تھانہ علاقے کے تحت ہری پجوڑی گاؤں میں نکسلیوں نے تین قبائلی نوجوانوں جین کمارہرا(22)، اترام ہرا(24)اور مانک رام ہرا (32)کو دھاری دار ہتھیار سے قتل کر دیا ہے۔کوٹوانی نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی ہے کہ گزشتہ رات ریجنل ڈویژنل کمیٹی کے رکن رمیش اور چارگاو لوکل آپریشن اسکواڈ (ایل او ایس)کمانڈر سونو سمیت تقریبا آٹھ نکسلی رکنان ہرراپجوڑی گاؤں پہنچے۔نکسلیوں نے گاؤں میں جین کمار، اترام اورمانک رام کے گھر دھاوا بولا اور انہیں اپنے ساتھ جنگل کی طرف لے گئے، بعد میں نکسلیوں نے تینوں کی دھاری دار ہتھیار سے قتل کر ان کی لاشوں کو سڑک پر پھینک دیا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔پولیس افسر نے بتایا کہ نکسلیوں نے تینوں قبائلیوں پر پولس کا ساتھ دینے اور مخبری کرنے کا الزام لگایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی معلومات ملنے کے بعد پولیس ٹیم کو جائے حادثہ روانہ کیا گیا اور لاشوں کو برآمد کیا گیا۔پولیس نے ملزم نکسلیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔کوٹوانی نے کہا کہ مارے گئے قبائلی نوجوانوں کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور مخبر ہونے کا الزام بھی غلط ہے۔افسر نے کہا کہ علاقے میں نکسلیوں کی گرفت ڈھیلی ہوتی جا رہی ہے، تو وہ اب مایوسی میں اپنا غصہ آدی واسیوں پر نکال رہے ہیں۔